۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
تصاویر/ عمامه گذاری آیت الله مصباح یزدی همزمان با میلاد کریمه اهل بیت

حوزہ/ آیۃ اللہ مصباح یزدی دام ظلہ اسلامی انقلاب اور رہبر انقلاب کے مخلص و حامی اور ولایت مطلقہ فقیہ کے قائل اور پاسبان ہیں اس لئے ہمیشہ انقلاب دشمنوں کے نشانے پر رہے ہیں۔ 

تحریر: مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ نیوز ایجنسی |  عالم، فقیہ، مجتہد، فیلسوف، مفسر قرآن ، استاد حوزہ علمیہ حضرت آیۃ اللہ محمد تقی مصباح یزدی دام ظلہ 31 جنوری 1935 عیسوی بروزجمعرات ایران کےمشہور شہر یزد کے ایک دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ 

ابتدائی تعلیم مدرسہ شفیعیہ یزد میں حاصل کی۔ اس کے بعد اعلیٰ دینی تعلیم کے لئے باب مدینۃالعلم حضرت امیرالمومنین علیہ السلام کے جوار نجف اشرف تشریف لے گئے لیکن بعض گھریلو مشکلات کے سبب چھ ماہ بعد یزد واپس آگئے۔ 

نجف اشرف سے واپس آنے کے بعد آیۃاللہ مصباح یزدی دام ظلہ حرم اہلبیتؑ قم مقدس تشریف لے گئے اور حوزہ علمیہ میں داخل ہو ئے۔ مکاسب، کفایہ اور شرح منظومہ کی تعلیم حاصل کر کے مرجع عالی قدر حضرت آیۃاللہ العظمی بروجردیؒ اور حضرت امام خمینی ؒ کے درس خارج فقہ میں شریک ہوئے۔ انہیں ایام میں آپ کی مفسر قرآن علامہ طباطبائیؒ سے آشنائی ہوئی اور انکے درس اخلاق میں شرکت کرنے لگے۔ آیۃاللہ مصباح یزدی دام ظلہ نے 15 برس عابد و عالم و عارف حضرت آیۃاللہ العظمی محمد تقی بہجت ؒ کے درس خارج میں شرکت کی۔ انکے علاوہ آقائے محمد علی نحوی، آقائے عبدالحسین عجمین، آقائے شیخ مرتضیٰ حائری، استاد شیخ عبدالجواد جبل عاملی اور آیۃاللہ العظمیٰ اراکیؒ سے کسب فیض کیا۔ 

استاد مصباح یزدی دام ظلہ کے دوران تعلیم کے ساتھیوں اور مباحثین میں حجج اسلام آقائے محمد حسین بہجتی اردکانی، آقائے علی پہلوانی، آقائے میرزا نوری، آقائے علی اکبر مسعودی خمینی تھے۔ 

تدریس: آیۃاللہ استاد مصباح یزدی دام ظلہ نےمدرسہ علمیہ حقّانی میں تفسیر اور اخلاقی و تربیتی مباحث سے تدریس کا آغاز کیا۔ اسی مدرسہ حقّانی میں آپ نے شہید آیۃاللہ باقرالصدر ؒ کی کتاب ’’فلسفنا‘‘ اور ’’اقتصادنا‘‘ تدریس فرمائی۔ بعد میں اسفار و شفا تدریس فرمائی۔ 

آیۃاللہ مصباح یزدی دام ظلہ کا شمارحوزہ علمیہ قم مقدس کے نامور اساتذہ میں ہوتا ہے۔ آپ کے دروس خصوصا درس اخلاق میں طلاب و اہل علم کی کثرت آپ کی مقبولیت کی دلیل ہے۔ 

آیۃاللہ مصباح یزدی دام ظلہ اسلامی انقلاب سے پہلے تحریک انقلاب کے ایک سرگرم رکن تھے، اور اس سلسلہ میں آپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد آپ رہبر کبیر انقلاب حضرت آیۃاللہ العظمیٰ آقائے سید روح اللہ موسوی امام خمینیؒ کے مخلص و وفادار رہے اور حضرت امام خمینیؒ کی رحلت کے بعد رہبر معظم حضرت آیۃاللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ الوارف کے مخلص و وفادار حامی ہیں ۔ حضرت امام خمینیؒ کے بعد حضرت آیۃاللہ العظمیٰ خامنہ ای دام ظلہ الوارف کی قیادت کو اللہ کی عظیم نعمت سمجھتے ہوئے فرمایا ـ: ’’آیۃاللہ خامنہ ای دام ظلہ سے کسی رہبر کا قیاس ممکن نہیں ہے۔ خدا وند عالم کا شکر کہ اس نے حضرت امام خمینی قدس سرہ کے بعد آیۃاللہ خامنہ ای دام ظلہ جیسا رہبر نصیب فرمایا جو سر زمین ایران کے لئے باعث افتخار ہیں۔ ‘‘

چونکہ آیۃ اللہ مصباح یزدی دام ظلہ اسلامی انقلاب اور رہبر انقلاب کے مخلص و حامی اور ولایت مطلقہ فقیہ کے قائل اور پاسبان ہیں اس لئے ہمیشہ انقلاب دشمنوں کے نشانے پر رہے ہیں۔ 

آیۃاللہ مصباح یزدی دام ظلہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران میں مختلف اہم اور حسّاس عہدوں پر فائز ہوئے اور کما حقہ ذمہ داریاں ادا کرتے آئے ہیں۔ 

مختلف دینی، سیاسی اور سماجی سرگرمیوں کے باوجود تدریس و تحریر کو کبھی نظر انداز نہیں کیا۔ آپ کے شاگردوں کی ایک طویل فہرست ہے۔ اسی طرح مختلف موضوعات جیسے تفسیر، فلسفہ اور عقائد پر کتابیں تالیف فرمائیں ۔ آپ کی کتابیں حوزارت علمیہ کے نصاب تعلیم میں شامل ہیں۔ 

اللہ تبارک وتعالی کی بارگاہ میں دعا ہے کہ آیۃ اللہ مصباح یزدی دام ظلہ کو شفائے کامل وعاجل اور طول عمر عطا  فرمائے۔ آمین

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .